طلحہ انجم نے مسلسل دوسری بار سب سے زیادہ سنے جانے والے پاکستانی آرٹسٹ کا اعزاز حاصل کر لیا، ناقدین کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستانی میوزک انڈسٹری کے مشہور ریپر طلحہ انجم نے مسلسل دوسرے سال پاکستان، بھارت، امریکہ، برطانیہ اور کینیڈا میں سب سے زیادہ سنے جانے والے پاکستانی آرٹسٹ کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
طلحہ انجم نے اپنی کامیابی کا اعلان سوشل میڈیا پر کرتے ہوئے ناقدین پر تنقید کی اور کہا کہ انہیں نیچا دکھانے کے لیے کی جانے والی سازشیں، بائیکاٹس، بین، طنز، قانونی نوٹسز اور جھوٹی خبروں کا بھی کوئی اثر نہ ہوا۔
ریپر طلحہ نے کہا کہ اردو ریپ آج بھی وہیں نمبر ون پر کھڑا ہے جہاں ایک سال پہلے تھا۔ انہوں نے اپنی کامیابی کو خدا کا خاص کرم قرار دیتے ہوئے مخالفین کو مشورہ دیا کہ اگر آپ میرے خلاف ہیں تو دعائیں کریں اور محنت بڑھا دیں، ہم اگلے سال دوبارہ ملاقات کریں گے۔
واضح رہے کہ سالانہ ریپڈ رپورٹ میں اس سال پاکستانی میوزک اسٹریمنگ میں 70 فیصد اضافہ سامنے آیا ہے۔ ٹاپ 10 آرٹسٹس میں طلحہ انجم کے ساتھ عمیر، حسن رحیم، عاطف اسلم اور نصرت فتح علی خان بھی شامل ہیں۔















