بولیویا کے ٹورو ٹورو نیشنل پارک میں 16,600 ڈائنوسار قدموں کے نشانات دریافت، جو تقریباً 66 سے 101 ملین سال پرانے ہیں۔
بولیویا: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بولیویا کے ٹورو ٹورو نیشنل پارک میں سائنسدانوں نے ایک قدیم ‘ڈائنوسار ہائی وے’ دریافت کی ہے، جہاں 16,600 تھیراپوڈز کے پاؤں کے نشانات ملے ہیں۔ یہ نشانات تقریباً 66 سے 101 ملین سال پہلے کے ہیں اور یہ علاقہ ڈائنوسارز کے معمول کے راستوں میں شامل تھا۔
سائنسدانوں نے ان نشانات کا تفصیلی جائزہ لیا ہے، جو ڈائنوسار کی روزمرہ کی حرکت اور عادات کو سمجھنے کا نادر موقع فراہم کرتا ہے۔ یہ تحقیق اس علاقے میں موجود ملنے والے پاؤں کے نشانات کا پہلا مکمل سروے ہے، جو تقریباً 7,485 مربع میٹر پر محیط ہے۔
ڈاکٹر جیری میک لارٹی کے مطابق، نشانات کی شکل اور فاصلے سے سائنسدان یہ بھی جان سکتے ہیں کہ ڈائنوسار کس طرح چل رہے تھے۔ کچھ آرام سے چل رہے تھے، کچھ دوڑ رہے تھے، اور پانی میں تیرنے کے آثار بھی دیکھے گئے۔
یہ دریافت اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ مختلف قد کے تھیراپوڈز کے پیروں کے نشانات موجود ہیں، جو مختلف نسلوں یا عمر کے گروہوں کی موجودگی کی نشاندہی کرتے ہیں۔















