امریکا میں 15 برس بعد ڈیٹرائٹ میں روبو کاپ کا مجسمہ نصب، منصوبہ 2011 میں شروع ہوا تھا۔
ڈیٹرائٹ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکا کے شہر ڈیٹرائٹ میں تقریباً 15 برس کی منصوبہ بندی کے بعد سائنس فکشن ہیرو روبو کاپ کا 11 فٹ بلند کانسی کا مجسمہ نصب کر دیا گیا۔ یہ ڈھائی ٹن وزنی مجسمہ بدھ کو فری ایج پروڈکشن اسٹوڈیو کے باہر نصب کیا گیا۔ اسٹوڈیو کے مالک جِم ٹوسکانو نے بتایا کہ مجسمہ دیکھنے کے لیے کئی لوگ یہاں آچکے ہیں۔
یہ منصوبہ 2011 میں شروع ہوا جب تب کے ڈیٹرائٹ میئر ڈیو بِنگ نے شہر میں روبو کاپ کا مجسمہ لگانے کی تجویز کا جواب دیا تھا۔ میئر کے جواب کے بعد روبو کاپ کے مداحوں نے مجسمہ نصب کرنے کی مہم شروع کر دی۔
امیجینیشن اسٹیشن کے بورڈ پریزیڈنٹ برینڈن ویلے اور لو لینڈ ٹیکنالوجی کے شریک بانی جیری پیفنڈورف نے کِک اسٹارٹر کمپین کے ذریعے 67 ہزار 436 ڈالر جمع کیے۔ مجسمہ 2017 میں تیار ہوا، لیکن قانونی کلیئرنس کی وجہ سے تنصیب مؤخر ہوتی رہی۔














