گوا کے نائٹ کلب میں گیس سلنڈر دھماکے سے 23 افراد ہلاک، حکومت نے انکوائری کا حکم دے دیا۔
نئی دہلی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بھارت کے سیاحتی علاقے گوا کے ایک نائٹ کلب میں گیس سلنڈر کے دھماکے کے باعث 23 افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ واقعہ گوا کے نواحی قصبے میں پیش آیا جب رات کے وقت کلب کے کچن میں دھماکہ ہوا جس نے پوری عمارت کو آگ کی لپیٹ میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر کلب کے ملازمین شامل ہیں۔ آگ رات تقریباً 12 بجے شروع ہوئی اور ریسکیو ٹیموں کو گھنٹوں کی محنت کے باوجود تمام لاشوں کو نکالنے میں دشواری کا سامنا رہا۔
گوا کے وزیر اعلیٰ پرامود ساونت نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے واقعے کی اعلیٰ سطحی انکوائری کا حکم دیا ہے اور کہا کہ ذمہ داران کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔
یہ علاقہ، ارپورہ، اپنے خوبصورت ساحلوں، نائٹ لائف اور غیر ملکی سیاحوں کی وجہ سے مشہور ہے، اور دسمبر کا مہینہ یہاں سیاحتی پیک سیزن ہوتا ہے۔













