سپریم کورٹ اور وفاقی آئینی عدالت میں مقدمات سننے کے لیے بینچز تشکیل دیے گئے ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سپریم کورٹ نے مقدمات کی سماعت کے لیے آٹھ بینچز تشکیل دیے ہیں جن میں سات بینچز پرنسپل سیٹ پر اور ایک بینچ لاہور رجسٹری میں مقدمات سنے گا۔ بینچ ایک چیف جسٹس یحییٰ خان آفریدی اور جسٹس محمد علی مظہر پر مشتمل ہے جبکہ بینچ دو جسٹس منیب اختر اور جسٹس عرفان سعادت پر مشتمل ہوگا۔ بینچ تین کی ذمہ داری جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس ملک شہزاد احمد کے سپرد ہے۔
بینچ چار جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس عقیل احمد عباسی سنبھالیں گے جبکہ بینچ پانچ میں جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس شکیل احمد شامل ہیں۔ بینچ چھ جسٹس نعیم اختر افغان، جسٹس شفیع صدیقی اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ہے۔ بینچ سات جسٹس ہاشم کاکڑ، جسٹس صلاح الدین پنہور اور جسٹس اشتیاق ابراہیم پر مشتمل ہوگا۔ لاہور رجسٹری میں جسٹس شاہد وحید اور جسٹس شاہد بلال حسن مقدمات سنیں گے۔
وفاقی آئینی عدالت میں مقدمات کی سماعت کے لیے تین بینچز تشکیل دیے گئے ہیں۔ بینچ ون چیف جسٹس امین الدین خان، جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس ارشد حسین پر مشتمل ہوگا۔ بینچ ٹو جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس کریم خان پر مشتمل ہوگا جبکہ بینچ تین جسٹس عامر فاروق اور جسٹس روزی خان پر مشتمل ہوگا۔ ان بینچز میں سپر ٹیکس، ریلوے خسارہ کیس، جوڈیشل الاؤنس کیسز اور انتخابی عذرداریوں کی سماعت ہوگی۔















