کراچی میں اربوں کی وصولی کے باوجود گٹرکے ڈھکنوں کا مسئلہ حل نہ ہوا

کراچی میں واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے عوام سے اربوں روپے وصول کیے، مگر گٹر کے ڈھکن نہ لگ سکے، ڈاکٹر فواد نے اختیارات کی کمی کی شکایت کی۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) گلشن اقبال ٹاؤن کے چیئرمین ڈاکٹر فواد نے کہا ہے کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے عوام سے 20 ارب روپے بل کی مد میں وصول کیے ہیں، جبکہ کے ایم سی بھی بجلی کے بلوں میں چار ارب روپے سے زائد میونسپل ٹیکس وصول کر رہی ہے، مگر گٹر پر ڈھکن لگانے کے لیے فنڈز کی کمی کا سامنا ہے۔

ڈاکٹر فواد نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ نہ تو اختیارات دیے جاتے ہیں اور نہ ہی ذمہ داری لی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلشن اقبال ٹاؤن نے محدود وسائل کے باوجود کروڑوں روپے خرچ کیے ہیں، اور یوسیز نے بھی واٹر اور سیوریج کے مسائل پر اپنے بجٹ سے رقم لگائی ہے۔

ڈاکٹر فواد نے مزید کہا کہ کراچی کو ایک اتھارٹی کے تحت چلایا جانا چاہیے اور حادثات روکنے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے بلدیاتی نمائندوں پر زور دیا کہ وہ اپنے اختیارات کے حصول کے لیے متحد ہوں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے شاہ فیصل کا رہائشی 3 سالہ ابراہیم نیپا کے قریب مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوگیا تھا، جس کے بعد شہریوں نے گلشن اقبال میں کھلے گٹروں پر ٹاؤن چیئرمین کی تصاویر آویزاں کی تھیں۔

دیگر متعلقہ خبریں