فیصل واوڈا نے پی ٹی آئی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی اداروں کے خلاف سازش کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے ایک ٹی وی پروگرام میں بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی اور اس کی قیادت پر شدید تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عمرانیت کے نام پر ریاستی اداروں کے خلاف کوئی سازش کی گئی تو ریاست بھرپور ردعمل دے گی۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ 9 مئی کے کیسز، نااہلی، پابندی اور خیبرپختونخوا میں مبینہ مفرور عناصر کے خلاف کارروائی آپشنز میں شامل کرلی گئی ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے اراکین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ ہندوستان کا لبادہ اوڑھ کر ایوان میں بیٹھے ہیں، جنہیں کیڑوں مکوڑوں کی طرح مسل دیا جائے گا۔
انہوں نے بانی پی ٹی آئی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ مسلسل فوج پر حملے کرتے رہے اور پاکستان کے دشمن عناصر افغانستان چلے جائیں۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ جو لوگ لسانیت پھیلا رہے ہیں ان کا منہ کالا ہوگا اور قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے والے افراد کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔
سابق وزیر نے کہا کہ 9 مئی کے کیسز منطقی انجام کو پہنچ رہے ہیں اور اب ایکشن کی باری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیر سے لوگ سرینڈر کرنا شروع کر دیں گے اور کچھ لوگوں کو پٹہ ڈالا جائے گا۔















