کراچی میں پاک بحریہ اور عمان کی رائل نیوی کے درمیان ‘ثمر الطیب 2025’ مشترکہ بحری مشق کا کامیاب انعقاد ہوا۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاک بحریہ اور رائل نیوی آف عمان کے درمیان کراچی میں ‘ثمر الطیب 2025’ کے بارہویں ایڈیشن کی مشترکہ بحری مشق کامیابی سے منعقد ہوئی۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق، عمانی فلوٹیلا میں شامل بحری جہاز الراسیخ اور الشناس نے مشق میں شرکت کی۔ مشق کا مقصد بحری سیکیورٹی میں تعاون بڑھانا اور پاکستان و عمان کے دوستانہ تعلقات کو مضبوط بنانا تھا۔
کراچی بندرگاہ پر عمانی بحری جہازوں کا روایتی استقبال کیا گیا، جہاں پاک بحریہ کے سینئر حکام نے شرکت کی اور بینڈ نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ یہ مشق باہمی پیشہ ورانہ تعاون اور مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت بڑھانے کے لیے اہم ثابت ہوئی۔
1980 کے بعد یہ مشق باقاعدگی سے ہو رہی ہے، جبکہ اس کا پچھلا ایڈیشن 2023 میں عمانی سمندری حدود میں ہوا تھا۔ اس دوران مہمان اہلکاروں نے پاک بحریہ کی سینئر قیادت سے ملاقاتیں کیں اور اہم بحری تنصیبات و تربیتی مراکز کا دورہ کیا۔
مشق کا اختتام سی فیز پر ہوا، جس میں دونوں ممالک کے بحری جہازوں نے جدید بحری جنگی تقاضوں کے مطابق مشترکہ آپریشنل مشقوں میں حصہ لیا۔ اعلامیے کے مطابق، پاک بحریہ علاقائی بحری تعاون کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے، جبکہ رائل نیوی آف عمان کی شرکت دفاعی شراکت داری اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کی مظہر ہے۔















