وزیراعلیٰ سندھ نے نیپا چورنگی پر بچے کی موت پر متعلقہ افسران کو معطل کر دیا۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے نیپا چورنگی پر مین ہول میں گر کر 3 سالہ بچے کے جاں بحق ہونے پر تمام متعلقہ افسران کو معطل کرنے کا حکم دیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت اجلاس میں صوبائی وزرا، کے ایم سی، ٹاؤن انتظامیہ، ریونیو اور پولیس حکام نے شرکت کی، جس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بچے کی موت پر دلی افسوس ہے اور کوتاہی کے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔
محکمہ بلدیات سندھ نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز عمران راجپوت، ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گلشن اقبال کے اسسٹنٹ انجینئر راشد فیاض، کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ایگزیکٹو انجینئر وقار احمد، اسسٹنٹ کمشنر گلشن اقبال عامر علی شاہ اور مختیارکار سلمان فارسی کو معطل کر دیا ہے۔
کے ایم سی کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق نجی اسٹور انتظامیہ اور بی آر ٹی کی وجہ سے بچہ گٹر میں گرا جبکہ بچے کی لاش نالے سے تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر دور سے ملی۔















