تحریک تحفظ آئین پاکستان کی حکومت پر معاشی ناکامی کی تنقید، خیبرپختونخوا کو جائز حصہ نہ ملنے کا شکوہ
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنماؤں محمد زبیر عمر اور اسد قیصر نے پریس کانفرنس میں حکومت کی معاشی ناکامی پر شدید تنقید کی۔ اسد قیصر نے کہا کہ ملک میں بے روزگاری اور مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے اور عوام کے پاس دو وقت کی روٹی کھانے کے لئے پیسے نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ این ایف سی کا اجلاس طویل عرصے بعد ہو رہا ہے لیکن خیبرپختونخوا کو اس کا جائز حصہ نہیں مل رہا۔ سرتاج عزیز کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے فاٹا کی ترقی کے لئے ایک ہزار ارب روپے دینے کی سفارش کی تھی، لیکن فاٹا انضمام کے بعد حصہ 19 فیصد ہوگیا۔
اسد قیصر نے مزید کہا کہ گیس کی رائلٹی کی مد میں بھی رقوم روک دی گئی ہیں، اور غیر ملکیوں کو ہوائی اڈے دینے کی وجہ سے خیبرپختونخوا بین الاقوامی سیاست کا حصہ بن گیا ہے۔ افغان جنگ اور دہشتگردی کے خلاف جنگ کی وجہ سے خیبرپختونخوا متاثر ہوا اور کوئی سرمایہ کار یہاں نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں روزگار اور تعلیمی سہولیات نہیں ہیں، اور قبائلی علاقے دو ہزار کلو میٹر پر مشتمل ہیں۔ قبائلیوں کے کاروبار کو سمگلنگ کا نام دیا جا رہا ہے۔















