جاپانی کمپنی سائنس نے ہیومن واشنگ مشین کو تجارتی سطح پر متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جو انسانوں کو کیپسول میں صاف کرتی ہے۔
ٹوکیو: (رائیٹ ناوٴ نیوز) جاپانی کمپنی سائنس نے اوساکا میں ورلڈ ایکسپو کے بعد ‘ہیومن واشنگ مشین’ کو تجارتی سطح پر متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ مشین انسانوں کو کیپسول نما پوڈ میں ڈال کر بالکل کپڑوں کی طرح صاف کرتی ہے اور اس دوران ہلکی موسیقی بھی چلتی رہتی ہے۔
کمپنی کی ترجمان ساچیکو ما ایکورا کے مطابق، اوساکا میں اختتام پذیر ہونے والی چھ ماہ کی ایکسپو میں اس مشین نے زائرین کی بڑی توجہ حاصل کی تھی، جہاں دو کروڑ 70 لاکھ سے زائد افراد شریک ہوئے تھے۔
ہیومن واشنگ مشین میں نہانے کے لیے صارف کو پوڈ میں لیٹایا جاتا ہے اور ڈھکن بند کر دیا جاتا ہے۔ مشین انسان کو بغیر گھمائے صاف کرتی ہے اور ہلکی موسیقی بھی چلاتی ہے۔
ماایکورا کے مطابق، یہ مشین جسم اور روح دونوں کو صاف کرتی ہے جبکہ استعمال کے دوران دل کی دھڑکن سمیت دیگر علامات کو بھی مانیٹر کرتی ہے۔
کمپنی نے بتایا کہ اس مشین کا جدید ورژن 1970 کی ایکسپو میں پیش کیے گئے ماڈل پر مبنی ہے۔ امریکی ریزارٹ کمپنی کی دلچسپی کے بعد جاپانی کمپنی نے مشین کو تیار کرنے کا فیصلہ کیا۔ اوساکا کے ایک ہوٹل نے پہلے یونٹ کی خریداری کر لی ہے اور جاپان کی بڑی الیکٹرانکس ریٹیل چین یامادا دنکی بھی اس میں شامل ہے۔
ساچیکو ما ایکورا نے بتایا کہ چونکہ یہ مشین نایاب ہے، کمپنی صرف 50 یونٹس تیار کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق اس کی قیمت 3 لاکھ 85 ہزار ڈالر رکھی گئی ہے۔















