ٹرمپ انتظامیہ کا 19 ممالک کے گرین کارڈ ہولڈرز کی دوبارہ جانچ کا فیصلہ

ٹرمپ انتظامیہ نے 19 ممالک کے گرین کارڈ ہولڈرز کی دوبارہ جانچ کا اعلان کیا ہے، جس میں افغانستان، کیوبا اور دیگر شامل ہیں۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ٹرمپ انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ 19 ممالک سے آنے والے گرین کارڈ ہولڈرز کی دوبارہ جانچ کرے گی۔ یو ایس سٹیزن شپ اینڈ امیگریشن سروسز کے سربراہ جوزف ایڈلو نے بتایا کہ صدر ٹرمپ نے انہیں ہدایت دی ہے کہ وہ ان ممالک کے شہریوں کے گرین کارڈز کی سخت جانچ پڑتال کریں جو امریکی سلامتی کے لیے تشویش کا باعث ہیں۔

وائٹ ہاؤس کے اعلامیہ کے مطابق جن ممالک کے شہریوں کی جانچ کی جائے گی ان میں افغانستان، کیوبا، ہیٹی، ایران، صومالیہ اور وینزویلا شامل ہیں۔ یہ اعلان اس وقت سامنے آیا جب واشنگٹن ڈی سی میں ایک افغان شہری کے نیشنل گارڈ کے دو فوجیوں پر مبینہ فائرنگ کے واقعے میں ایک اہلکار کی موت واقع ہوئی اور دوسرا شدید زخمی ہوا۔

ملزم رحمان اللہ لکنوال 2021 میں افغانستان سے خصوصی امیگریشن پروگرام کے تحت امریکہ آیا تھا۔ وہ افغانستان میں سی آئی اے کے لیے کام کر چکا تھا۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ فائرنگ سے قومی سلامتی کو لاحق خطرے کی نشاندہی ہوتی ہے۔

سربراہ امیگریشن سروسز ایڈلو نے کہا کہ امریکہ اور اس کے عوام کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور امریکی عوام سابقہ انتظامیہ کی لاپرواہی کا بوجھ نہیں اٹھائیں گے۔ دیگر ممالک جن کے گرین کارڈ ہولڈرز کی دوبارہ جانچ کی جائے گی ان میں میانمار، چاڈ، جمہوریہ کانگو اور لیبیا شامل ہیں۔

دیگر متعلقہ خبریں