ایکس نے وی پی این استعمال کی معلومات ظاہر کرنے کا فیچر متعارف کرا دیا، جس سے جعلی اکاؤنٹس کی نشاندہی ممکن ہوگی۔
سان فرانسسکو: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایکس (ٹوئٹر) نے نیا فیچر متعارف کرایا ہے جو صارفین کے وی پی این استعمال کی معلومات دیگر افراد کو فراہم کرے گا۔ یہ فیچر جعلی اکاؤنٹس کو قابو میں رکھنے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔
ایکس کے پراڈکٹ ہیڈ نیکیتا بیئر نے اعلان کیا تھا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر صارفین کی تفصیلات، جیسے ان کا ملک یا وی پی این استعمال کی معلومات، ظاہر کی جائیں گی۔ اس فیچر کا آغاز 21 نومبر کو ہوا اور اب یہ عالمی سطح پر مکمل طور پر نافذ کر دیا گیا ہے۔
وی پی این استعمال کرنے والے صارفین کی پروفائل پر وارننگ ظاہر کی جائے گی، جس سے معلوم ہوگا کہ ان کا بتایا گیا ملک یا خطہ ممکنہ طور پر درست نہیں۔ نیکیتا بیئر کے مطابق صارفین ایک پرائیویسی آپشن استعمال کر سکتے ہیں جو صرف خطے کو ظاہر کرے گا، تاہم یہ سہولت ان ممالک میں دستیاب ہوگی جہاں سوشل میڈیا پر پابندیاں ہیں۔
یہ واضح نہیں ہے کہ ایکس کس طرح ڈیٹا استعمال کرکے صارف کی لوکیشن کا تعین کرتا ہے یا وی پی این کی نشاندہی کیسے کی جاتی ہے۔ نیکیتا بیئر کا دعویٰ ہے کہ یہ تفصیلات 99.99 فیصد تک درست ہیں۔
یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ ایکس صارفین کو وی پی این استعمال کرنے سے نہیں روک رہا، بلکہ صرف معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔















