لنکڈ اِن پر جعلی نوکریوں کا انکشاف، امیدواروں کا ڈیٹا خطرے میں

لنکڈ اِن پر جعلی نوکریوں کا انکشاف، امیدواروں کا ذاتی ڈیٹا خطرے میں۔ ماہرین نے مشورہ دیا کہ تصدیق کے بغیر درخواست نہ دیں۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

نیویارک: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ملازمت کی تلاش میں مصروف امیدواروں کو لنکڈ اِن سمیت مختلف پلیٹ فارمز پر بڑی تعداد میں جعلی نوکریوں کا سامنا ہے جو بظاہر حقیقی دکھائی دیتی ہیں، مگر ان پر بھرتیاں نہیں ہوتیں۔ رپورٹس کے مطابق ان جعلی ’گھوسٹ جابز‘ کا مقصد امیدواروں کا ڈیٹا حاصل کرنا یا کمپنی کی ظاہری سرگرمیوں کو برقرار رکھنا ہوتا ہے۔

رواں سال جون میں امریکہ میں ۳۰ فیصد آن لائن ملازمتیں، بغیر بھرتی کے ختم ہو گئیں، یعنی ۲۲ لاکھ سے زائد ایسی آسامیاں سامنے آئیں جنہوں نے صرف امیدواروں کا ذاتی ڈیٹا اکٹھا کیا۔ کئی کمپنیاں مستقبل کی بھرتیوں کے لیے امیدواروں کا پول بناتی ہیں یا مارکیٹ میں نمایاں رہنے کے لیے خالی آسامیاں برقرار رکھتی ہیں۔

ماہرین کے مطابق، اگر کوئی نوکری ۴۵ دن سے زیادہ جاری رہے یا یکساں متن کے ساتھ مختلف شہروں میں شائع ہو تو اسے مشکوک سمجھا جا سکتا ہے۔ غیر واضح ذمہ داریوں اور مبہم جاب ڈسکرپشن بھی گھوسٹ جاب کی نشانی ہیں۔

اگر کسی درخواست میں امیدوار کی مکمل ذاتی معلومات، تاریخ پیدائش، جنس، متوقع تنخواہ، تفصیلی کیرئیر ہسٹری یا شخصیتی ٹیسٹ طلب کیے جائیں تو اس کا مقصد ڈیٹا حاصل کرنا ہو سکتا ہے۔

ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ درخواست دینے سے قبل کمپنی کی ویب سائٹ پر نوکری کی تصدیق کریں اور ضرورت ہو تو کمپنی سے رابطہ کر کے معلومات حاصل کریں۔ محفوظ نیٹ ورک کا حصہ بننا بھی مفید ہے تاکہ قابلِ بھروسہ افراد کے ذریعے درست مواقع تک رسائی بڑھائی جا سکے۔

دیگر متعلقہ خبریں