کراچی میں صرف 69 ٹریفک سگنلز فعال ہیں، جس کی وجہ سے ای چالان میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) کراچی میں صرف 69 ٹریفک سگنلز فعال ہونے کی وجہ سے ای چالان کے نظام میں مشکلات درپیش ہیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے بتایا کہ کراچی کے 89 میں سے صرف 69 ٹریفک سگنلز کام کر رہے ہیں، جبکہ ممبئی میں 569 اور نئی دلی میں 2160 ایل ای ڈی لائٹس والے ٹریفک سگنلز فعال ہیں۔
پیر محمد شاہ نے کہا کہ کراچی میں زیادہ تر سگنلز غیر فعال ہونے کی وجہ سے ای چالان سسٹم میں مشکلات ہیں اور شہر کو سوا ارب روپے مالیت کے 400 جدید سگنلز کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نئے منصوبے میں خود کار نظام والے 400 سگنلز نصب کیے جائیں گے، جبکہ پی آئی ڈی سی پر ایک جدید سگنل لگایا جا چکا ہے۔
کراچی میں ڈمپر ٹریلر اور واٹر ٹینکر کی تیز رفتاری پر 1188 جبکہ دیگر گاڑیوں پر 2699 چالان ہو چکے ہیں۔
ٹریفک پولیس نے بتایا کہ کراچی میں ایک ماہ کے دوران ٹریفک خلاف ورزیوں پر 93 ہزار سے زائد ای چالان کیے گئے۔















