کراچی ایکسپو سینٹر میں فوڈ اینڈ ایگریکلچر نمائش کا آغاز، جام کمال خان نے افتتاح کیا۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) کراچی ایکسپو سینٹر میں تیسری بین الاقوامی فوڈ اینڈ ایگریکلچر نمائش کا آغاز وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کیا۔ یہ نمائش تین روز تک جاری رہے گی اور ملکی سطح پر فوڈ اینڈ ایگریکلچر کی سب سے بڑی بین الاقوامی نمائش قرار دی جا رہی ہے۔
جام کمال خان نے افتتاحی تقریب میں کہا کہ افغانستان سے تجارت نہیں بلکہ پاکستان کی سیکیورٹی اور استحکام اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اگر افغانستان سیکیورٹی کے اقدامات کرے تو پاکستان بھی مثبت ردعمل دے گا۔
نمائش میں یورپ، بحرین، آسیان، چین، افریقا، امریکا، کینیڈا سمیت دیگر ممالک سے آٹھ سو سے زائد غیر ملکی مندوبین شریک ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات کی کوالٹی اعلیٰ ہے اور بیرونی ممالک نے انہیں تسلیم کیا ہے۔
جام کمال خان نے مزید کہا کہ افریقا کی مارکیٹ میں اچھی پیشرفت ہو رہی ہے اور بنگلہ دیش کے ساتھ تجارت کی بحالی خوش آئند ہے۔ انہوں نے مائیکرو اور میکرو اکنامک پر توجہ دینے کا بھی عندیہ دیا۔














