بولان میں جعفر ایکسپریس پر مسلح حملہ، تمام مسافر محفوظ

بولان پاس میں جعفر ایکسپریس پر حملہ، تمام مسافر محفوظ رہے، سیکیورٹی سخت کردی گئی۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

کوئٹہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر بولان پاس کے علاقے میں پیر کو مسلح حملہ ہوا۔ یہ چھ ہفتوں میں کوئٹہ سے سبی کے درمیان جعفر ایکسپریس پر چھٹا حملہ تھا۔

ریلوے حکام کے مطابق جعفر ایکسپریس نے کوئٹہ سے پشاور کے لیے اپنے شیڈول کے مطابق روانہ ہوئی اور ماچ اسٹیشن کو عبور کرنے کے بعد جب یہ آبِ گم کے قریب پہنچی تو مسلح افراد نے نزدیکی پہاڑوں سے ٹرین پر فائرنگ شروع کردی۔

ٹرین پر موجود سیکیورٹی اہلکار، بشمول ریلوے پولیس نے فوری طور پر جوابی کارروائی کی، تاہم مختصر فائرنگ کے تبادلے کے بعد حملہ آور علاقے سے فرار ہوگئے۔

ریلوے حکام نے بتایا کہ جعفر ایکسپریس کے تمام ڈبے مسلح حملے میں محفوظ رہے اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ٹرین کو فائرنگ کے واقعے کے بعد روکا گیا اور بعد ازاں سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد اپنی اگلی منزل کی طرف روانہ ہوگئی۔

جعفر ایکسپریس کو مسلسل حملوں کا سامنا ہے، جن میں کوئٹہ اور جیکب آباد کے درمیان ریلوے ٹریک پر بم دھماکہ بھی شامل ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں