لاہور قلندرز، پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پی ایس ایل معاہدوں کی تجدید کر لی، ویلیو میں نمایاں اضافہ۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) لاہور قلندرز، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے آئندہ 10 سال کے لیے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سے معاہدوں کی تجدید کر لی۔ تینوں فرنچائزز کی ملکیت آئندہ دہائی تک موجودہ مالکان کے پاس رہے گی۔ چیئرمین پی سی بی نے ان معاہدوں پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فرنچائز مالکان کی خدمات قابل ستائش ہیں۔
پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر نے بھی تینوں ٹیموں کو خراج تحسین پیش کیا۔ ویلیوایشن رپورٹ کے مطابق، لاہور قلندرز پی ایس ایل کی سب سے مہنگی فرنچائز بن گئی ہے۔ نئی فیس 67 کروڑ روپے جبکہ پرانی فیس 25.68 کروڑ تھی۔ لاہور قلندرز کی ویلیو میں 55 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا۔
کراچی کنگز کی فرنچائز فیس 64 کروڑ ریکارڈ کی گئی جبکہ پرانی فیس 26.70 کروڑ تھی، جس میں 43 فیصد اضافہ ہوا۔ پشاور زلمی کی ویلیو میں 79 فیصد اضافہ ہوا جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی فرنچائز فیس 48 کروڑ تک پہنچ گئی، جو پہلے 15.41 کروڑ تھی، اس میں 87 فیصد اضافہ ہوا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ویلیو میں 80 فیصد اضافہ سامنے آیا۔















