پی سی بی اور انصار عباسی کے درمیان قانونی جنگ، عباسی نے پی سی بی کی پالیسیوں پر سوالات اٹھائے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور معروف صحافی انصار عباسی کے درمیان قانونی جنگ شروع ہو گئی ہے۔ پی سی بی نے عباسی کو ان کے کالم ‘کرکٹ کے جواری’ پر ہتکِ عزت کا نوٹس بھیجا ہے۔ انصار عباسی کا کہنا ہے کہ نوٹس صرف انہیں بھیجا گیا ہے، جس سے معاملے کی سنگینی میں اضافہ ہوا ہے۔
پی سی بی کے نوٹس کے جواب میں، انصار عباسی نے اپنی قانونی ٹیم کو فعال کرتے ہوئے بورڈ کو تفصیلی قانونی جواب جمع کرایا ہے۔ انہوں نے پی سی بی کی سروگیٹ سپانسرشپس اور جوئے سے متعلق پالیسیوں پر سوالات اٹھائے ہیں۔
انصار عباسی کا مؤقف ہے کہ کالم میں اٹھائے گئے نکات عوامی مفاد میں ہیں اور وہ جوئے کے نظام پر تنقید جاری رکھیں گے۔ انہوں نے سوال کیا کہ پی سی بی نے دیگر صحافیوں یا اداروں کو نوٹس کیوں نہیں بھیجا؟
عباسی نے پی سی بی سے دریافت کیا کہ کیا بورڈ نے ڈافا نیوز جیسے بیٹنگ سروگیٹس سے سپانسرشپ وصول کی تھی اور اگر کی تھی تو اس کی اجازت کیوں دی گئی؟ انہوں نے پی سی بی کی پالیسیوں کے بارے میں مزید سخت سوالات بھی اٹھائے۔
یہ معاملہ سابق کپتان راشد لطیف کے متنازع بیانات اور معافی کے بعد دوبارہ سرخیوں میں آیا ہے، جس میں پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی اور سابق چیئرمین نجم سیٹھی بھی شریک رہے ہیں۔















