پنجاب حکومت نے ناقص اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں ضبط کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پنجاب حکومت نے سرکاری اور تعلیمی اداروں کی خستہ حال اور زائد دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں ضبط کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پنجاب حکومت نے اسکولز، کالجز، سرکاری و پرائیوٹ سیکٹر اور اسپتالوں کی ناقص بسیں ضبط کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
ڈی جی ماحولیات پنجاب عمران حامد شیخ نے کہا کہ دھواں پھیلانے والی بھاری گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور ان کی وکس (VICS) سرٹیفیکیشن لازمی ہوگی۔ طلبا و اسٹاف کو لانے والی خستہ حال گاڑیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔
عمران حامد شیخ نے کہا کہ حد سے زائد دھواں خارج کرنے والی گاڑیاں ضبط ہوں گی اور سرکاری و نجی اداروں کو آخری وارننگ دی گئی ہے کہ اگر گاڑیاں معیار پر پوری نہ اتریں تو قانونی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماحول دشمن گاڑیوں کا داخلہ بند کر کے انسداد سموگ مہم کے تحت سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ محکموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ تمام ہیوی ٹرانسپورٹ کی ہنگامی انسپیکشن اور مرمت فوری مکمل کریں، بصورت دیگر گاڑی ضبط کی جائے گی۔















