پاکستان کے دورے پر آسٹریلیا کی سیریز میں تبدیلی کا امکان

آسٹریلیا کے دورہ پاکستان میں ون ڈے سیریز کی تاریخوں میں تبدیلی کا امکان ہے، جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کا شیڈول طے ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کے آئندہ سال دورہ پاکستان کے شیڈول میں تبدیلی کی اطلاعات ہیں۔ مارچ 2026 میں ہونے والی تین ون ڈے میچوں کی سیریز مقررہ وقت پر ہونے کا امکان کم ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ اور کرکٹ آسٹریلیا کے درمیان نئی تاریخوں پر بات چیت جاری ہے۔

ابتدائی شیڈول کے مطابق یہ سیریز 13 سے 19 مارچ تک ہونی تھی لیکن اب یہ میچ پاکستان سپر لیگ سیزن 11 کے اختتام کے بعد منعقد کیے جا سکتے ہیں۔ دونوں بورڈز شیڈول کی مصروفیات کے باعث نئی تاریخوں پر غور کر رہے ہیں۔

دوسری جانب، آسٹریلیا کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان آمد کی تصدیق ہوگئی ہے۔ بھارت اور سری لنکا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 سے قبل پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز 30 جنوری سے 5 فروری تک شیڈول ہیں، جو ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے انتہائی اہم تصور کیے جا رہے ہیں۔

کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹوڈ گرین برگ نے پاکستان کے دورے پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ دونوں بورڈز کے درمیان بہترین رابطے کا عکاس ہے اور مزید باہمی سیریز کے مواقع تلاش کیے جانے چاہئیں۔

پاکستان کی ٹیم نے نومبر 2024 میں آسٹریلیا کا دورہ کیا تھا، جہاں محمد رضوان کی قیادت میں ون ڈے سیریز میں فتح حاصل کی تھی، جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں آسٹریلیا نے کامیابی حاصل کی۔

دیگر متعلقہ خبریں