کوئٹہ میں ایرانی پیٹرول کی غیر قانونی فروخت جاری جبکہ قیمت تقریباً پاکستانی پیٹرول کے برابر ہوگئی ہے۔
کوئٹہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ایرانی پیٹرول کی غیر قانونی فروخت پابندی کے باوجود جاری ہے، جس کی قیمت تقریباً پاکستانی پیٹرول کے برابر ہوچکی ہے۔
ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے دعووں کے باوجود شہر کے مختلف علاقوں میں منی پیٹرول پمپ اور سڑک کنارے اسٹال کھلے عام سرگرم ہیں، جہاں ایرانی پیٹرول من مانے ریٹ پر فروخت ہو رہا ہے۔
پچھلے 15 روز میں ایرانی پیٹرول کی قیمت 200 روپے فی لیٹر سے بڑھ کر 250 سے 260 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے، جو کہ پاکستانی پیٹرول کے تقریباً برابر ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ کم قیمت پر دستیاب ہونے کا فائدہ ختم ہو چکا ہے اور حالات مزید خراب ہو گئے ہیں۔ عوامی حلقوں نے گران فروشی پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور الزام عائد کیا ہے کہ کوئٹہ میں ایرانی پیٹرول کے کاروبار سے منسلک افراد کو پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی آشیرباد حاصل ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری نوٹس لے، غیر قانونی کاروبار کے خلاف کارروائی کرے اور گران فروشوں و ذخیرہ اندوزوں پر سخت کارروائی کی جائے۔















