بنوں میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن میں 17 دہشتگرد ہلاک، شامل میں تین اہم کمانڈرز بھی شامل۔
بنوں: (رائیٹ ناوٴ نیوز) خیبرپختونخوا کے بنوں ریجن میں پولیس، سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن کے دوران تین اہم کمانڈرز سمیت 17 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔ آئی جی پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ آپریشنز میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے جوان محفوظ رہے، اہل علاقہ کا تعاون بھی شامل رہا۔
آپریشنز کے دوران شیری خیل اور پکہ پہاڑ خیل میں 10 دہشتگرد ہلاک ہوئے جبکہ 5 زخمی اور ایک سہولت کار کو گرفتار کیا گیا۔ ہلاک دہشتگردوں میں خطرناک کمانڈرز نیاز علی عرف اکاشا اور عبداللّٰہ عرف شپونکوئی شامل ہیں۔
نصر خیل میں پولیس، سی ٹی ڈی اور امن کمیٹی کی مشترکہ کارروائی میں ایک مطلوب دہشتگرد ہلاک ہوا۔ ڈومیل میں فتنہ الخوارج کے خلاف 8 گھنٹے طویل آپریشن میں 6 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
آئی جی پولیس نے بنوں ریجن پولیس، سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز کو کامیاب آپریشن پر شاباش دی اور کہا کہ خیبرپختونخوا کی مٹی کو فتنہ الخوارج سے پاک کریں گے اور عوام کی حفاظت کے لئے آپریشنز جاری رہیں گے۔















