سپرمین نمبر 1 کی نایاب کاپی ڈھائی ارب روپے میں نیلام، دہائیوں تک کاٹھ کباڑ میں چھپی رہی۔
شمالی کیلیفورنیا: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سپرمین نمبر 1 کی ایک نایاب کاپی، جو دہائیوں تک کاٹھ کباڑ میں چھپی رہی، دنیا کی مہنگی ترین کامک بک بن گئی ہے۔ یہ کاپی 91 لاکھ 20 ہزار ڈالر (ڈھائی ارب پاکستانی روپے سے زائد) میں نیلام ہوئی۔ اس کامک بک کی اشاعت 1939 میں ہوئی تھی، اور یہ پہلی بار تھا جب پوری کتاب اسی کردار پر مبنی تھی۔
کتاب ایک گھر کی دوچھتی میں پرانے سامان میں چھپی ہوئی ملی، جو شمالی کیلیفورنیا کے تین بھائیوں نے 2024 میں دریافت کی۔ ان کی ماں نے، جب وہ نو برس کی تھیں، اس کتاب کو خریدا تھا اور اس وقت سان فرانسسکو میں مقیم تھیں۔
86 سال پرانی یہ کامک بک اب بھی بہترین حالت میں ہے۔ اس سے قبل سب سے مہنگی کامک بک کا ریکارڈ 2024 میں ایکشن کامکس نمبر 1 نے قائم کیا تھا، جو 60 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوئی تھی۔
سپرمین کامک بک کو ہیریٹیج آکشنز نے نیلام کیا، اور ان کے نائب صدر Lon Allen نے بتایا کہ ‘یہ کامک بک پوپ کلچر میں سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے’۔ سپرمین کا کردار 1933 میں جیری سیگل اور جوئی سوشتر نے تخلیق کیا تھا، مگر اس کے حقوق ڈی سی کامکس کو محض 130 ڈالرز میں فروخت کر دیے تھے۔















