کالعدم ٹی ٹی پی کو افغانستان کی طالبان حکومت کی معاونت حاصل ہے، جو خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے۔
نیویارک: (رائیٹ ناوٴ نیوز) جنوبی اور وسطی ایشیا میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) ایک سنگین خطرہ بن چکی ہے، جسے افغانستان کی طالبان حکومت کی معاونت حاصل ہے۔ ڈنمارک کی نائب مستقل نمائندہ ساندرا جینسن لینڈی نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں بتایا کہ افغانستان میں ٹی ٹی پی کے تقریباً 6 ہزار جنگجو موجود ہیں، جو پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہیں۔
ساندرا جینسن نے مزید کہا کہ خطے میں داعش، القاعدہ اور ان کے نیٹ ورکس بھی بڑھتے ہوئے خطرات کا باعث ہیں، جبکہ داعش خراسان کے دو ہزار جنگجو خطے کے لیے بڑا خطرہ ہیں۔ انہوں نے مشرق وسطیٰ میں پسپائی کے بعد داعش کے افریقا کو نیا مرکز بنانے پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان قطر و ترکی میں مذاکرات ہوئے، لیکن افغان حکومت کی عدم تعاون کے باعث یہ ناکام ہوگئے۔















