خیبرپختونخوا حکومت نے امن جرگے کے فیصلوں کے تحت ایکشن ان ایڈ آف سول پاور قانون واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے ایکشن ان ایڈ آف سول پاور قانون واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر قانون خیبرپختونخوا آفتاب عالم نے کہا ہے کہ یہ اقدام امن جرگے کے فیصلوں کے تحت لیا جا رہا ہے۔
آفتاب عالم نے مزید بتایا کہ پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ بھی اس قانون کے متعلق موجود ہے جبکہ صوبائی اور وفاقی حکومت نے اس پر سپریم کورٹ سے حکم امتناع حاصل کیا ہوا تھا۔ تاہم موجودہ صوبائی حکومت نے اپنا حکم امتناع واپس لینے کا ارادہ کرلیا ہے۔
آفتاب عالم نے زور دیا کہ وفاقی حکومت کو بھی صوبے کے اس فیصلے کا احترام کرنا چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس قانون کو منظور کیوں کیا گیا تھا، اس کا جواب اس وقت کے حکومتی اراکین ہی دے سکتے ہیں۔















