احمد ندیم قاسمی کا یوم پیدائش منایا جا رہا ہے، جنہوں نے ادب میں نمایاں خدمات انجام دیں اور کئی اعزازات حاصل کیے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) آج معروف شاعر، ادیب اور کالم نگار احمد ندیم قاسمی کا یوم پیدائش منایا جا رہا ہے۔ وہ 20 نومبر 1916ء کو پنجاب کے ضلع خوشاب میں پیداہوئے اور اپنی منفرد تخلیقات کی بدولت ادب کے افق پر ہمیشہ جگمگاتے رہیں گے۔
احمد ندیم قاسمی کی شخصیت کو ہشت پہلو کہا جاتا ہے، ان کا اصل نام احمد شاہ تھا جبکہ ندیم تخلص کے طور پر استعمال کیا۔ 1927ء میں انہوں نے اپنا پہلا شعر کہا جبکہ پہلی نظم 1931ء میں لاہور کے روزنامہ ‘سیاست’ میں شائع ہوئی۔
ان کے 17 افسانوی اور 6 شعری مجموعے شائع ہوچکے ہیں جبکہ تنقید و تحقیق کی 3 کتابیں اور 6 ترجمہ شدہ کتابیں بھی منظر عام پر آئیں۔ ان کے بچوں کے لئے لکھے گئے ادب کو 3 کتابوں کی شکل میں شائع کیا گیا۔
احمد ندیم قاسمی کے افسانے، جیسے ‘پہاڑوں کی برف’ اور ‘نصیب’، بے حد مقبول ہوئے۔ ان کے افسانوں کا ترجمہ کئی زبانوں میں کیا گیا۔ 1968ء میں تمغہ حسن کارکردگی اور 1980ء میں ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔










