غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں میں ایک فلسطینی شہید اور کئی زخمی ہوگئے، جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔
غزہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) جنگ بندی معاہدے کے باوجود اسرائیلی فوج نے غزہ کے رفاہ اور خان یونس میں فضائی حملے کیے، جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی حملوں کے بعد فلسطینی حکام نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں پر سنجیدہ سوالات اٹھائے ہیں۔
غزہ میڈیا آفس کے مطابق 10 اکتوبر سے اب تک 279 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں اور اسرائیل نے 393 بار معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے، جبکہ 652 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔
یونیسیف نے رپورٹ کیا ہے کہ غزہ میں شدید بارشوں اور سیلاب سے 70 ہزار خاندان متاثر ہوئے ہیں، جن کی صورتحال انتہائی خراب ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کے فیلڈ انٹیروگیشن کا سلسلہ جاری ہے اور بیت اُمر میں 200 سے زائد فلسطینی شہریوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔















