پاک بحریہ نے بحیرہ عرب میں 130 ملین ڈالر کی منشیات ضبط کی، یہ دو ماہ میں تیسرا کامیاب آپریشن ہے۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاک بحریہ نے بحیرہ عرب میں انسداد منشیات آپریشن کے دوران 130 ملین ڈالر مالیت کی منشیات ضبط کرلی ہیں۔
پی این ایس تبوک نے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پیٹرول کے دوران بحیرہ عرب میں کامیاب آپریشن کیا۔
یہ آپریشن سعودی عرب کی زیرقیادت کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کی ٹاسک فورس 150 کی معاونت سے کیا گیا، جس میں مشکوک ماہی گیر کشتی سے 2 ہزار کلو گرام سے زائد آئس ضبط کرلی گئی۔
گزشتہ دو ماہ میں یہ پاک بحریہ کا مسلسل تیسرا کامیاب انسداد منشیات آپریشن ہے، اور پاک بحریہ سمندر میں غیرقانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
اعلامیے کے مطابق پاک بحریہ قومی بحری مفادات کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور عالمی میری ٹائم سکیورٹی میں بھی فعال کردار ادا کر رہی ہے۔















