امریکی کانگریس کی رپورٹ میں پاکستان کی مئی 2025 کی پاک بھارت جنگ میں فوجی برتری کا انکشاف، چین کا دفاعی تجربہ بھی نمایاں۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکی کانگریس کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان نے مئی 2025 میں پاک بھارت جنگ میں فوجی برتری حاصل کی۔ چین نے اس دوران اپنے دفاعی نظام کو آزمانے کا موقع پایا۔
رپورٹ کے مطابق، چین نے 2024 اور 2025 میں پاکستان کے ساتھ عسکری تعاون بڑھایا جس میں مشترکہ مشقیں اور انسدادِ دہشت گردی ڈرلز شامل تھیں۔ چار روزہ جھڑپ کے دوران پاکستان کی چینی ہتھیاروں کے ساتھ کارکردگی نمایاں رہی۔
امریکی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان نے چینی ہتھیاروں کی مدد سے بھارت کے فرانسیسی رافیل طیاروں کو نشانہ بنایا، جس سے چینی اسلحے کی فروخت کے لیے ایک مؤثر دلیل بنی۔
یہ پہلا موقع تھا جب چین کے جدید ہتھیار، جیسے HQ-9 میزائل ڈیفنس سسٹم اور J-10 لڑاکا طیارے، براہ راست جنگ میں استعمال ہوئے۔ چین نے جون 2025 میں پاکستان کو J-35 جدید لڑاکا طیارے اور بیلسٹک میزائل ڈیفنس سسٹمز فروخت کرنے کی منظوری دی۔
اسی ماہ پاکستان نے 2025-2026 کے دفاعی بجٹ میں 20 فیصد اضافہ کیا، جس کے نتیجے میں دفاعی اخراجات 9 ارب ڈالر تک پہنچ گئے۔ چینی ماہرین نے جنگ میں ملی کامیابی کو چینی طیاروں کی بہترین تشہیر قرار دیا۔















