ٹائلز سیکٹر میں ٹیکس چوری، ایف بی آر کا کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ

ٹائلز سیکٹر میں ٹیکس چوری پر ایف بی آر نے کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ٹائلز سیکٹر میں سالانہ 30 ارب روپے سے زائد کی ٹیکس چوری کا انکشاف ہوا ہے، جس پر ایف بی آر نے سترہ بڑے شعبوں میں پیداواری یونٹس پر مصنوعی ذہانت کی بنیاد پر کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کے اجلاس میں فیکٹریوں میں کیمروں کی تنصیب پر شدید بحث ہوئی۔ اس سال شوگر سیکٹر سے 76 ارب اور سیمنٹ سیکٹر سے 102 ارب اضافی ٹیکس آمدن متوقع ہے۔ ایک چینی کمپنی نے کیمروں کی تنصیب کی مخالفت کی، لیکن چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ چوری روکنے کے لیے یہ ضروری ہے اور کیمروں کی تعداد 16 سے کم کرکے 4 کر دی گئی ہے۔

چینی کمپنی کے نمائندوں نے کیمروں کے بغیر ہی سیلز ٹیکس دینے پر اصرار کیا، لیکن چیئرمین ایف بی آر نے دو ٹوک جواب دیا کہ فیکٹری پر کیمرے نصب کریں یا بزنس بند کریں۔ ایف بی آر حکام کے مطابق چار کیمرے بیلٹ، پیکنگ ایریاز اور داخلی و خارجی راستوں پر نصب ہوں گے۔

چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے تمام شوگر ملز پر ویڈیو کیمرے نصب کرنے کی ہدایت دی ہے۔ چینی کمپنی نے کہا کہ کیمروں کی تنصیب سے ٹریڈ سیکرٹ متاثر ہو سکتے ہیں، لیکن چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ شوگر، سیمنٹ سمیت تمام بڑے کاروباری شعبوں میں کیمرے نصب ہوں گے۔

دیگر متعلقہ خبریں