بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں جنگی جرائم عالمی سطح پر بے نقاب ہو گئے ہیں، دہلی بم دھماکہ کے بعد مکانات مسمار کرنے کے واقعات پیش آئے ہیں۔
نئی دہلی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں جنگی جرائم عالمی سطح پر بے نقاب ہو گئے ہیں۔ دہلی بم دھماکہ کے بعد بھارتی فورسز کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں مکانات مسمار کرنے کے واقعات پیش آئے ہیں۔ بین الاقوامی نشریاتی ادارہ ٹی آر ٹی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جنگی جرائم کو عالمی سطح پر اجاگر کیا ہے۔
بھارت میں جنگی جرائم معمول بن گئے ہیں۔ دہلی دھماکہ کے تین دن بعد ہی جنوبی کشمیر میں محض الزام کی بنیاد پر ایک گھر دھماکے سے مسمار کر دیا گیا۔ بھارت کشمیر کو عالمی تنازعہ کے بجائے اندرونی مسئلہ قرار دے کر جنگی جرائم چھپانے کی کوشش کر رہا ہے۔
2019 سے بھارتی قوانین نے سیاسی اظہار رائے کو جرم بنا دیا ہے، جس کے تحت غیر قانونی حراستیں، رابطے کی بندش، اور خوف کی سیاست معمول بن چکی ہیں۔ ٹی آر ٹی کی رپورٹ کے مطابق 2020 سے 2024 تک بھارتی فوج کی کارروائیوں سے 1,172 شہری مکانات کو نقصان پہنچا۔
پہلگام حملے کے بعد بھارتی فورسز نے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیریوں کے مکانات مسمار کیے۔ بھارتی ارکانِ پارلیمنٹ نے بھی مقبوضہ کشمیر میں شہری گھروں پر بمباری کی حمایت کی۔ عدالتی حکم کے باوجود کشمیری مکانات بغیر قانونی طریقہ کار کے مسمار کیے جا رہے ہیں۔
ٹی آر ٹی نے کہا کہ اقوام عالم کی خاموشی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بھارت کشمیر میں جنگی جرائم کو قانون کا لبادہ پہنا رہا ہے، جس سے بین الاقوامی قانونی نظام کی ناکامی بھی ظاہر ہوتی ہے۔















