پنجاب میں تعلیمی اداروں میں بھرتی سے قبل سیکس آفینڈرز کی تصدیق لازمی قرار دی گئی۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ نے تعلیمی اداروں میں اسٹاف کی بھرتی سے قبل سیکس آفینڈرز رجسٹر سے ویریفکیشن کے لیے سیکرٹری پراسیکیوشن کو مراسلہ لکھا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں میں بچوں کی حفاظت کے لیے نادرا کا سیکس آفینڈرز رجسٹر موثر ٹول ہے اور موجودہ بھرتی نظام میں بڑا خلا موجود ہے، جس سے جنسی جرائم کا پس منظر چیک نہیں ہو پاتا۔
پراسیکیوٹر جنرل نے مراسلے میں کہا کہ سیکس آفینڈرز کی بھرتی پورے تعلیمی ادارے کے لیے خطرہ بن سکتی ہے، لہذا محکمہ قانون و انصاف کو سیکس آفینڈر رجسٹر تک رسائی کے لیے میکانزم بنانا چاہیے۔ تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے لیے سیکس آفینڈر ویریفکیشن لازمی قرار دی جائے۔
مزید برآں، بھرتی سے قبل اور موجودہ ملازمین کی بھی نادرا کے سیکس آفینڈر رجسٹر سے لازمی تصدیق کی جائے تاکہ بچوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔















