کلاؤڈ فلیئر میں خرابی سے متعدد ویب سائٹس متاثر ہوئیں، انجینئرز مسائل حل کر رہے ہیں۔
سان فرانسسکو: (رائیٹ ناوٴ نیوز) منگل کے روز کلاؤڈ فلیئر میں تکنیکی خرابی کے باعث دنیا بھر کے انٹرنیٹ صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ چیٹ جی پی ٹی، لیگ آف لیجنڈز، نیو جرسی ٹرانزٹ سروس اور دیگر ویب سائٹس متاثر ہوئیں۔
کلاؤڈ فلیئر کے انجینئرز نے زیادہ تر مسائل حل کر لیے ہیں اور مزید ممکنہ مشکلات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ متاثرہ سروسز میں سوشل میڈیا سائٹ ایکس، شاپی فائی، ڈراپ باکس، کینوا، کوائن بیس اور موڈیز شامل ہیں۔ متاثرہ سائٹس پر ایرر کوڈ 500 ظاہر ہوا۔
سائبر سیکیورٹی ماہر مائیک چیپل کے مطابق، کلاؤڈ فلیئر انٹرنیٹ کو تیز اور محفوظ بنانے کے لیے کام کرتی ہے۔ یہ کانٹینٹ ڈیلیوری نیٹ ورک دنیا کی 20 فیصد ویب سائٹس کا مواد منتقل کرتا ہے۔
مائیک چیپل نے وضاحت کی کہ کلاؤڈ فلیئر کی خرابی کے دوران ویب سائٹس ٹریفک کی بھیڑ سے بچ نہیں پاتیں اور صارفین کو تیز رسپانس نہیں ملتا۔
پچھلے مہینے مائیکروسافٹ اور ایمیزون کی کلاؤڈ سروسز میں بھی خرابی دیکھنے کو ملی تھی، جس سے عالمی سطح پر انٹرنیٹ کی حساسیت اور کلاؤڈ سروسز پر بڑھتا انحصار واضح ہوا ہے۔















