لاہور کی فضائی آلودگی میں اضافہ، بھارت سے آنےوالی ہوائیں ذمہ دار قرار

لاہور میں فضائی آلودگی میں اضافہ، بھارتی ہوائیں ذمہ دار قرار، حکومت نے مختلف اقدامات کیے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) لاہور میں فضائی آلودگی برقرار ہے اور حکومت نے بھارتی ہواؤں کو اس کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ لاہور عالمی سطح پر دوسرے آلودہ شہر کے طور پر سامنے آیا ہے جبکہ دہلی پہلے نمبر پر ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق لاہور میں صبح کے وقت اے کیو آئی 450 ریکارڈ کیا گیا، جو شدید آلودگی کی نشاندہی کرتا ہے۔ پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی صورتحال خراب رہی۔

پنجاب میں گوجرانوالہ میں ائیرکوالٹی انڈکس 434، نارووال میں 385، فیصل آباد میں 379، قصور میں 378 اور شیخوپورہ میں 350 اے کیو آئی نوٹ کیا گیا۔ جنوبی پنجاب میں آلودگی نسبتاً کم رہی۔ ادارہ تحفظ ماحولیات پنجاب کے مطابق بھارتی سرحدی علاقوں سے آنے والی ہوائیں لاہور اور دیگر شہروں میں آلودگی میں اضافہ کر رہی ہیں۔

فضائی آلودگی کی شدت کو کم کرنے کے لیے حکومت نے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں۔ صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے بتایا کہ صنعتی یونٹس کی ای میپنگ کی گئی ہے اور خلاف ورزی پر کئی یونٹس کو سیل کیا گیا ہے۔ صوبے بھر میں بھٹوں کو جیو ٹَگ کیا گیا اور خلاف ورزی پر جرمانے بھی عائد کیے گئے۔

صوبائی حکومت نے ریزوننگ کے عمل کو تیز کیا ہے اور فیکٹریوں کو آبادی سے باہر منتقل کیا جا رہا ہے۔ زرعی شعبے میں سپر سیڈرز ٹیکنالوجی کا بھی استعمال بڑھایا گیا ہے تاکہ زرعی زمین کو جلنے سے بچایا جا سکے۔

حکومت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ صبح اور رات کے وقت باہر نکلنے سے گریز کریں اور ماسک کا استعمال کریں۔ خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور سانس کے مریضوں کو خصوصی احتیاط کی تلقین کی گئی ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں