عدالت نے عمران خان کی جی ایچ کیو حملہ کیس میں ویڈیو لنک کے ذریعے پیشی کا حکم دیا۔
راولپنڈی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے عمران خان کی جی ایچ کیو حملہ کیس میں پیشی کے لیے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ویڈیو لنک کی تیاری کا حکم دیا ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت میں کیس کی سماعت جج امجد علی شاہ کے سامنے ہوئی، لیکن آج بھی کیس کا ٹرائل نہیں ہو سکا۔ اس دوران ملزمان شیخ رشید، سیمابیہ طاہر اور دیگر حاضری لگا کر واپس روانہ ہو گئے۔ ویڈیو لنک آج کی سماعت میں آن نہیں ہو سکا۔
وکلائے صفائی نے عمران خان سے فوری ملاقات کی درخواست کی، وکیل فیصل ملک نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے مشاورت ضروری ہے۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ مقدمے کے گواہ کرکٹ اسٹیڈیم ڈیوٹی پر ہیں۔ عدالت نے گواہان کو طلب کرتے ہوئے سماعت 3 دسمبر تک ملتوی کر دی۔
عدالت نے آئندہ سماعت ویڈیو لنک واٹس ایپ کال پر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور سپرنٹنڈنٹ جیل اڈیالہ کو عمران خان کی پیشی کے لیے ویڈیو لنک کی تیاری کا حکم دیا۔















