دبئی میں پاکستان انٹرنیشنل اسکرین ایوارڈ 2025 کی تقریب 22 نومبر کو ہوگی، جس میں فواد خان اور ماہرہ خان میزبانی کریں گے۔
دبئی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) دبئی میں پاکستان انٹرنیشنل اسکرین ایوارڈ 2025 کی رنگا رنگ تقریب 22 نومبر کو دبئی فیسٹیول ارینا میں منعقد ہونے جا رہی ہے۔ اس تقریب میں پاکستانی شوبز کے بڑے نام شرکت کریں گے، جن میں فواد خان، ماہرہ خان، فرحان سعید، فارس شافی، امر خان، یشمہ گل، مصطفیٰ خان، ارییکا حق، ہالہ الترک، سارہ خان اور فلک شبیر شامل ہیں۔ ایونٹ کی میزبانی کے لیے فواد خان اور ماہرہ خان کا نام سامنے آیا ہے۔
فیصل خان کی قائم کردہ پی آئی ایس اے نے عالمی سطح پر مقام حاصل کر لیا ہے جہاں پاکستانی سینما، ٹیلی ویژن، موسیقی اور ڈیجیٹل میڈیا میں حاصل کی گئی کامیابیوں کو سراہا جاتا ہے۔ یہ ایونٹ پاکستان کے بہترین ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر روشناس کراتا ہے۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ اس سال کا اسکرین ایوارڈ گزشتہ تمام ریکارڈ توڑنے کے لیے تیار ہے اور یہ پہلے سے زیادہ دلکش اور بڑا ہوگا۔ گزشتہ ایڈیشنز کی طرح اس بار بھی شاندار پرفارمنسز، اسٹائل اور جذبات سے بھرپور لمحے تقریب کا حصہ ہوں گے۔















