مصدق ملک نے کہا کہ نوجوان جدید ٹیکنالوجی سے ملک کا نام روشن کرسکتے ہیں، جدید تعلیم اور سوچنے کا انداز اہم ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے اسلام آباد میں نجی یونیورسٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان جدید ٹیکنالوجی کو اپنا کر ملک کا نام روشن کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کامیاب طلبہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ جدید تعلیم دور حاضر کی ضرورت ہے اور مسائل کے حل میں معاون ثابت ہوتی ہے۔
مصدق ملک نے کہا کہ ترقی کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا اپنانا ضروری ہے اور یہ بھی کہ کتابی علم سے زیادہ سوچنے کا انداز اہم ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ وہ دل کی آواز سنیں اور استقامت کے ساتھ آگے بڑھیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ مستقبل کی جدت آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے بھی آگے ہے اور نوجوانوں کو اپنے خوابوں کی تعبیر کے لئے غلطیوں سے گھبرانا نہیں چاہیے۔















