سموگ کے باعث سانس کی بیماریاں، قومی ادارہ صحت کی وارننگ

قومی ادارہ صحت نے سموگ کی وجہ سے سانس کی بیماریوں کے خدشے پر ایڈوائزری جاری کی ہے، خاص طور پر لاہور میں احتیاط کی ضرورت ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) قومی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ سموگ کی وجہ سے سانس کی بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے۔ ادارے نے فضائی آلودگی سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے ایک ایڈوائزری جاری کردی ہے۔

ایڈوائزری کے مطابق، سرد موسم میں سموگ نومبر سے فروری تک انسانی صحت کو شدید متاثر کر سکتی ہے۔ فضا میں زہریلے مادے اور سردی مل کر نمونیا کی بیماری کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتے ہیں۔

ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ سموگ سے صحت، معیشت اور معیار زندگی کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔ فضائی آلودگی سے سانس اور دل کی بیماریوں سمیت مختلف بحرانوں کا سامنا ہو سکتا ہے۔

بچوں، زیادہ عمر کے لوگوں اور پہلے سے بیمار افراد کو فضائی آلودگی سے زیادہ خطرہ ہے۔ پنجاب کے شہروں لاہور، ملتان، گوجرانوالہ، راولپنڈی اور اسلام آباد کو سموگ کے زیادہ خطرات لاحق ہیں۔ لاہور میں فضائی آلودگی سب سے زیادہ ہے، جہاں شہریوں کو زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے۔

ملک بھر میں صحت کے شعبے، اتھارٹیز اور ماہرین کو سموگ کے حوالے سے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ بچوں کو زیادہ دیر باہر رہنے سے اجتناب برتنا چاہئے اور متاثرہ علاقوں میں بڑے یا بچے ماسک کا استعمال کریں۔

دیگر متعلقہ خبریں