چین اور روس نے سلامتی کونسل میں امریکی غزہ امن قرارداد پر شدید تحفظات ظاہر کیے، غزہ کو فلسطینیوں کا قراردیا۔
نیویارک: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سلامتی کونسل میں امریکا کی غزہ امن قرارداد پر چین اور روس نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ دونوں ممالک نے کہا کہ غزہ صرف فلسطینی عوام کا ہے اور امریکی قرارداد اہم نکات کو واضح نہیں کرتی۔
چینی سفیر فو کونگ نے بیان دیا کہ قرارداد فلسطینی حکمرانی کے اصولوں کی عکاسی نہیں کرتی اور انٹرنیشنل اسٹیبلائزیشن فورس کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔ روسی مندوب نے کہا کہ یہ منصوبہ فلسطینیوں کو عمل سے باہر رکھتا ہے اور غزہ و مغربی کنارے کی مزید تقسیم کا خطرہ پیدا کرتا ہے۔
برطانیہ، فرانس، جنوبی کوریا اور سلووینیا نے منصوبے کی حمایت کی جبکہ ڈنمارک نے زور دیا کہ غزہ اور مغربی کنارے کو متحد رکھنا ضروری ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ امن منصوبے سے متعلق قرارداد کی منظوری دی ہے۔ قرارداد کے حق میں 14 ووٹ آئے جبکہ مخالفت میں کوئی ووٹ نہیں آیا، روس اور چین نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
امریکی مندوب نے پاکستان، مصر، قطر، اردن، سعودی عرب، یو اے ای، ترکیے اور انڈونیشیا سے تشکر کا اظہار کیا۔ حماس اور دیگر فلسطینی مزاحمتی گروپوں نے قرارداد کو مسترد کردیا۔






