راولپنڈی کرکٹ سیریز کے دوران اسلام آباد پولیس نے شہریوں کے لیے ٹریفک ایڈوائزری جاری کی ہے تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)
اسلام آباد پولیس نے راولپنڈی میں ہونے والی ٹرائی نیشنز کرکٹ سیریز کے دوران ٹریفک ایڈوائزری جاری کی ہے۔ کرکٹ ٹیموں کی موومنٹ اسلام آباد سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم تک ہوگی جس کے دوران رش کے اوقات میں سری نگر ہائی وے، کلب روڈ اور نائنتھ ایونیو پر ڈائیورشنز لگائی جائیں گی۔ اس دوران ان سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔
شہریوں کو گزارش کی گئی ہے کہ وہ سفر کے لئے 15 سے 20 منٹ اضافی وقت کے ساتھ نکلیں۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ شہریوں کو دشواری کا سامنا نہیں ہوگا اور انہیں اسلام آباد پولیس کے سوشل میڈیا پیجز اور ایف ایم 92.4 پر ٹریفک کے متعلق آگاہی فراہم کی جائے گی۔
شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اس دوران ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور تحمل کا مظاہرہ کریں۔ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں شہری پکار 15 اور ٹریفک ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔















