وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے 347 طلبہ میں 64 ملین روپے کے سکالرشپس چیکس تقسیم کیے، مزید 300 ملین روپے اضافی فنڈز کا اعلان کیا۔
پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں طلبہ کو سکالرشپس چیکس کی تقسیم کی تقریب میں 347 طلبہ میں 64 ملین روپے مالیت کے سکالرشپس چیکس تقسیم کیے۔
یہ چیکس صوبائی حکومت کی جانب سے انڈر گریجویٹ اور گریجویٹ طلبہ میں تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے خیبر پختونخوا ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے لیے 300 ملین روپے اضافی فنڈز کا اعلان بھی کیا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ سکالرشپس کی فراہمی سے صوبے کے متوسط اور کمزور طبقے کو بہتر تعلیمی مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے نوجوانوں پر سرمایہ کاری کرنی ہے، معیاری تعلیم اور بہتر صحت سہولیات ہماری اولین ترجیح ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ طلبہ فارغ التحصیل ہوتے ہی نوکری حاصل کریں اور روزگار کے قابل بنیں۔ انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کا بھی اعلان کیا تاکہ طلبہ بے روزگار نہ رہیں۔















