سپریم کورٹ نے خواتین کے حق وراثت کیس میں عابد حسین پر جرمانہ عائد کرتے ہوئے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سپریم کورٹ نے خواتین کے حق وراثت سے متعلق کیس میں اپنا فیصلہ جاری کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ جسٹس اطہر من اللہ نے استعفیٰ سے قبل تحریر کیا تھا اور یہ 7 صفحات پر مشتمل ہے۔
عدالت نے عابد حسین پر ورثاء کو تاخیر سے حق وراثت دینے پر 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔ سپریم کورٹ نے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے عابد حسین کی اپیل خارج کر دی ہے۔ حکم دیا گیا ہے کہ جرمانے کی رقم 7 دن کے اندر رجسٹرار سپریم کورٹ کے پاس جمع کرائی جائے گی، جو ورثاء میں تقسیم کی جائے گی۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عابد حسین کا جائیداد تحفہ ہونے کا دعویٰ ثابت نہیں ہوا۔ وراثت کا حق خدائی حکم ہے اور عورتوں کو حق وراثت سے محروم کرنا آئین اور اسلامی تعلیمات کے منافی ہے۔ جائیداد کی ملکیت مالک کی وفات کے فوراً بعد ورثاء کو منتقل ہو جاتی ہے اور ریاست کی ذمہ داری ہے کہ خواتین کو کسی تاخیر یا خوف کے بغیر وراثت کا حق دلائے۔














