رونالڈو کی معطلی کے باوجود پرتگال نے آرمینیا کو 1-9 سے شکست دے کر ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
پورٹو: (رائیٹ ناوٴ نیوز) معروف فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کی معطلی کے باوجود پرتگال نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے شاندار انداز میں کوالیفائی کرلیا۔ پرتگال نے اتوار کو آرمینیا کو 1-9 کے بڑے مارجن سے شکست دی۔ رونالڈو میچ میں شریک نہیں تھے مگر ٹیم نے ان کی غیر موجودگی میں فیصلہ کن کامیابی حاصل کی۔
اکتالیس سالہ رونالڈو اگلے سال امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں ہونے والے ورلڈ کپ میں ممکنہ طور پر اپنے چھٹے اور آخری ورلڈ کپ میں شرکت کریں گے۔ رونالڈو نے کہا ہے کہ یہ ان کا عالمی ٹائٹل جیتنے کا آخری موقع ہوگا۔
پرتگال کو گروپ ایف میں سرفہرست رہنے کے لیے آرمینیا کے خلاف لازمی کامیابی درکار تھی، برؤنو فرنینڈس اور ژاؤ نیویس کی ہیٹ ٹرکس نے اس ہدف کو مزید آسان بنا دیا۔
ادھر بڈاپسٹ میں آئرلینڈ نے ہنگری کو 2-3 سے شکست دے کر گروپ میں دوسری پوزیشن حاصل کر لی۔ ٹرائے پیروٹ کی ہیٹ ٹرک نے آئرلینڈ کو پلے آف مرحلے میں پہنچا دیا۔















