پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق کو اے ٹی پی کی جانب سے یادگاری شیلڈ سے نوازا گیا۔
ٹریون: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان کے معروف ٹینس کھلاڑی اعصام الحق کو ان کی نمایاں کامیابیوں اور ٹینس کے میدان میں خدمات کے اعتراف میں اے ٹی پی (ایسوسی ایشن فار ٹینس پرفیشنلز) نے یادگاری شیلڈ سے نوازا۔
اٹلی کے شہر ٹریون میں نیٹو اے ٹی پی فائنلز کے دوران اعصام الحق سمیت دیگر سرکردہ کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب منعقد ہوئی جس میں اے ٹی پی ٹورز کے منتظمین نے سب کو یادگاری شیلڈز پیش کیں۔
اعصام الحق نے اپنے کیریئر میں 18 ٹور لیول ڈبلز اعزازت حاصل کیے، جن میں دو اے ٹی پی ماسٹرز 1000 ٹائٹلز شامل ہیں۔ وہ اے ٹی پی کا آرتھر ایش ہیومینٹیرین ایوارڈ دو بار جیتنے والے صرف چار کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔
تقریب میں اعصام الحق نے کہا کہ یہاں موجود ہونا ایک حیرت انگیز احساس ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اعلیٰ کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا اور بڑی ٹورنامنٹس میں حصہ لینا شان دار اور یادگار رہا۔
اعصام الحق نے کہا کہ میرے والدین، بیوی، بیٹا اور بیٹی یہاں ہیں، یہ سب کچھ سمجھ میں آنا تھوڑا مشکل ہے لیکن اپنے کیریئر پر فخر محسوس ہوتا ہے۔ اے ٹی پی میرے لیے ایک دوسرے خاندان کی طرح ہے۔















