جوان افراد میں الٹرا پراسیس غذاؤں کا زیادہ استعمال آنتوں کے کینسر کا خطرہ بڑھا سکتا ہے، تحقیق میں انکشاف۔
نیویارک: (رائیٹ ناوٴ نیوز) جوان افراد میں آنتوں کے کینسر کے بڑھتے کیسز کی ممکنہ وجہ دریافت کر لی گئی ہے۔ تحقیق کے مطابق 50 سال سے کم عمر افراد میں الٹرا پراسیس غذاؤں کا زیادہ استعمال کینسر کا خطرہ بڑھا سکتا ہے۔
ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ الٹرا پراسیس غذائیں جیسے ڈبل روٹی، فاسٹ فوڈ، مٹھائیاں اور میٹھے مشروبات آنتوں میں رسولی کا خطرہ بڑھاتی ہیں۔ ماس جنرل بریگھم کینسر انسٹیٹیوٹ کی تحقیق میں 29 ہزار نرسوں کی صحت کا 13 سال تک جائزہ لیا گیا جس سے معلوم ہوا کہ الٹرا پراسیس غذاؤں کا زیادہ استعمال رسولی کے خطرے کو 45 فیصد تک بڑھا دیتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ ایسی غذاؤں میں نمک، چینی اور مصنوعی اجزاء کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جبکہ صحت بخش اجزاء کم ہوتے ہیں۔ محققین کے مطابق رسولیوں کا زیادہ تر حصہ کینسر زدہ نہیں ہوتا لیکن جیسے ہی ان کا حجم بڑھتا ہے، مسائل کا سامنا ہوتا ہے۔
یہ تحقیق بتاتی ہے کہ فضلے میں خون، تکلیف، انیمیا، وزن میں کمی یا مسلسل قبض کی صورت میں ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔ تحقیق کے نتائج جرنل JAMA Oncology میں شائع ہوئے ہیں۔















