مری گلاس ٹرین کا روٹ اسلام آباد ائیرپورٹ تک بڑھانے کی تجویز پیش کی گئی ہے، جس پر نیسپاک نے سی ڈی اے کو پری فزیبلٹی رپورٹ پیش کر دی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) مری گلاس ٹرین منصوبے کے روٹ کو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ تک بڑھانے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ منصوبے کے کنسلٹنٹ نے سی ڈی اے کو تجویز دی ہے کہ روٹ کو فیض آباد کے ذریعے ائیرپورٹ تک بڑھایا جائے۔ یہ تجویز پنجاب حکومت، نیسپاک اور سی ڈی اے کے اجلاس میں پیش کی گئی، جہاں منصوبے کے اگلے مرحلے پر کام تیز کرنے کا فیصلہ ہوا۔ پنجاب حکومت راول جھیل پارک اور بھارہ کہو بائی پاس سے مری تک گلاس ٹرین سروس شروع کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔
منصوبے کی فزیبلٹی اسٹڈی مکمل ہو چکی ہے اور موجودہ منصوبے کے تحت ٹرین بھارہ کہو بائی پاس سے مری کے پنڈی پوائنٹ تک 40 کلومیٹر طویل روٹ پر چلے گی۔ وزیراعلیٰ کے مشیر کے سربراہی میں پنجاب حکومت کے وفد نے چیئرمین سی ڈی اے سے ملاقات کی اور ائیرپورٹ سے مری تک روٹ بڑھانے کی تجویز پیش کی۔ نیسپاک نے سی ڈی اے کو اپنی پری فزیبلٹی رپورٹ پیش کی ہے، جس میں ائیرپورٹ سے فیض آباد تک موجودہ میٹرو ٹریک کو مونوریل کے لیے استعمال کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں، فیض آباد سے بھارہ کہو بائی پاس تک 13 کلومیٹر نیا ٹریک تعمیر کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جو مین اسٹیشن سے منسلک ہوگا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے منصوبے کے فوری آغاز پر زور دیا ہے اور مری کے عوام کو یقین دلایا ہے کہ جلد کام شروع ہوگا۔















