پی ایس ایل 11 کے شیڈول پر پی سی بی اور فرنچائزز میں ڈیڈلاک برقرار، میچز کی تعداد پر اختلافات۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کا شیڈول پی سی بی اور فرنچائزز کے درمیان مسئلہ بن گیا ہے۔ آئندہ سال اپریل اور مئی میں ہونے والے اس ایونٹ کے لیے میچز کی تعداد پر تاحال اتفاق نہیں ہو سکا۔
پی سی بی نے 2 نئی ٹیموں کی فروخت کا عمل شروع کیا ہے، مگر میچز کی تعداد پر اختلافات برقرار ہیں۔ ابتدائی طور پر 44 سے 60 میچز کی تجویز دی گئی ہے۔ فرنچائزز چاہتی ہیں کہ آمدنی میں اضافے کے لیے زیادہ میچز رکھے جائیں، جبکہ بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ ونڈو میں کم جگہ کی وجہ سے ایسا ممکن نہیں۔
فرنچائزز نے تجویز دی ہے کہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو دو دو میچز رکھے جائیں، تاہم اس پر بات چیت جاری ہے۔ ڈرافٹ یا آکشن پر بھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا ہے۔
مینیجر پارٹنر شپس اینڈ پلیئرز ایکویزیشن شعیب خالد کے مستعفی ہونے پر پی سی بی کو مناسب متبادل کی تلاش ہے۔ حکام نے کنسلٹنٹ پلیئرز ایکویزیشن پی ایس ایل کی تقرری کے لیے اشتہار جاری کیا تھا، جس کی آخری تاریخ گزر چکی ہے۔
پی سی بی نے اپنے بعض سابق ملازمین اور پی ایس ایل فرنچائزز سے منسلک موجودہ آفیشلز سے بھی رابطہ کیا ہے، مگر مستقل ملازمت چھوڑ کر بورڈ میں آنے پر وہ ہچکچاہٹ کا شکار ہیں۔ نئے آفیشل کا تقرر رواں ماہ کیے جانے کا امکان ہے۔















