اسلام آباد میں وکلاء کی ہڑتال ختم، عدالتی کارروائی بحال۔ تعزیتی ریفرنس اور سیکورٹی امور پر بحث کے لیے اجلاس منعقد ہوگا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں خودکش دھماکے کے بعد آج عدالتی کارروائی کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے۔ وکلاء نے تین روزہ ہڑتال مکمل طور پر ختم کر دی ہے اور آج سے عدالتی کارروائی میں شریک ہو گئے ہیں۔
اسلام آباد بار کونسل اور اسلام آباد ڈسٹرکٹ بار کی جانب سے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا تھا۔ ضلعی کچہری کو دو روز قبل سائلین اور وکلاء کے لیے کھول دیا گیا تھا لیکن سوگ اور ہڑتال کے باعث وکلاء عدالتی کارروائی میں حصہ نہیں لے رہے تھے۔
آج اسلام آباد ڈسٹرکٹ بار کی جانب سے تعزیتی ریفرنس اور جنرل باڈی اجلاس منعقد ہوگا جس میں خودکش دھماکے میں شہید ہونے والے وکیل زبیر اسلم گھمن و دیگر کے لیے فاتحہ خوانی کی جائے گی۔ اجلاس میں وکلاء کی جانب سے سیکورٹی صورتحال اور دیگر امور پر بحث کی جائے گی۔















