صبح کے وقت گلے میں خشکی کی وجوہات میں پانی کی کمی، ناک کی رکاوٹ اور فضائی آلودگی شامل ہیں۔ چند سادہ عادات اپنا کر اس مسئلے سے نجات ممکن ہے۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اگر آپ ہر صبح گلے میں خشکی یا خراش محسوس کرتے ہیں تو یہ صرف موسم یا نزلے کی ابتدائی علامت نہیں ہو سکتی۔ ماہرین صحت کے مطابق یہ جسم کا ایک اشارہ ہو سکتا ہے کہ کچھ ٹھیک نہیں۔ اس کی وجوہات میں سونے کا انداز، کمرے کی ہوا یا جسمانی نظام میں تبدیلی شامل ہو سکتی ہیں۔ خوش قسمتی سے، چند سادہ عادات اپنا کر اس مسئلے سے نجات ممکن ہے۔
ماہرین کے مطابق، گلے کی خشکی کی عام وجوہات میں پانی کی کمی، ناک کی رکاوٹ اور بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی شامل ہیں۔ آلودگی میں موجود باریک ذرات رات کے وقت سانس کی نالیوں کو متاثر کرتے ہیں، جس سے صبح گلا خشک محسوس ہوتا ہے۔
پانی کی کمی ایک اہم وجہ ہے۔ اے سی یا ہیٹر والے کمروں میں سونے سے گلے کی خشکی بڑھ سکتی ہے۔ دن بھر مناسب پانی پینا، سونے سے پہلے اور اٹھنے کے فوراً بعد پانی پینا مفید ہے۔
ناک بند ہونا یا سائنس الرجی کے شکار افراد نیند میں منہ سے سانس لیتے ہیں، جس سے گلا خشک ہوتا ہے۔ ماہرین کا مشورہ ہے کہ پہلو کے بل سوئیں اور ناک کھولنے کے لیے نمکین پانی یا اسپرے استعمال کریں۔
نیند کے دوران سانس رکنے کی بیماری کے باعث بھی گلا خشک ہوتا ہے۔ ماہرین صحت سے رجوع کریں، وزن کنٹرول میں رکھیں اور ناک پر اسٹریپس کا استعمال کریں۔
فضائی آلودگی اور ناقص ہوا کا معیار بھی گلے کی خشکی کا سبب بن سکتے ہیں۔ ہائی پولوشن کے اوقات میں کھڑکیاں بند رکھیں، ایئر پیوریفائر استعمال کریں اور کمرے کی صفائی کا خیال رکھیں۔
غیر صحت مند عادات جیسے سگریٹ نوشی، الکحل اور کیفین گلے کی خشکی بڑھاتے ہیں۔ سونے سے پہلے ان سے پرہیز کریں اور ہربل چائے کا استعمال کریں۔
گلے کی خشکی دور کرنے کے لیے دن بھر پانی کا زیادہ استعمال کریں، نیم گرم پانی سے غرارے کریں اور بھاپ لیں۔ اگر خشکی کے ساتھ خراٹے یا سانس رکنے کی علامات ہوں تو ڈاکٹر سے رجوع کریں۔















